بالی ووڈ سینما کی ایک انفرادیت اس کے نغمے، گیت اور موسیقی بھی ہیں۔ مغل اعظم، پاکیزہ اور امراؤ جان سے لے کر 'دل تو پاگل ہے' تک کی فلموں نے اردو شاعری کا لوہا منوایا ہے۔ 1960 کی دہائی کے جوبلی کمار (راجندر کمار) اپنی اداکاری سے زیادہ اپنی فلموں کے گانوں کے سہارے مقبول ہوئے اسی طرح 70 کی دہائی کے سپراسٹار راجیش کھنہ بھی!
ان مشہور و مقبول فلمی نغموں کے آڈیو / ویڈیو آج سائبر دنیا میں جہاں دستیاب ہیں وہیں بصورت تحریر دیوناگری اور رومن رسم الخط میں مختلف ویب سائٹس پر بھی موجود ہیں۔ اردو رسم خط میں اس کمی کا خیال کرتے ہوئے یہ بلاگ بالی ووڈ کے فلمی نغموں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ ایک اردو داں بلاگر 'مسافر' نے وسط 2007 میں یہ بلاگ شروع کیا تھا مگر اپنی مصروفیت کے سبب 2017 میں 'تعمیرنیوز' کے حوالے کر گئے۔ آج یہ بلاگ 'تعمیرنیوز' کی ذیلی ویب سائٹ کے طور پر اردو دنیا میں پیش خدمت ہے۔