پشپک (1987) - کمل ہاسن کی یادگار خاموش فلم کا جائزہ - Musafir | Bollywood Entertainment | Best Songs & Articles Urdu Script

2021/05/13

پشپک (1987) - کمل ہاسن کی یادگار خاموش فلم کا جائزہ

pushpak

فلم تبصرہ از: شیراز شاہد


فلم کا نام: پشپک - Pushpaka Vimana
تاریخ ریلیز: نومبر 1987
فلم کی نوعیت: بلیک کامیڈی ، ڈراما/سوشل (بنا مکالمہ کی فلم)
ڈائریکٹر: سنگیتم سرینواس راؤ [Singeetam Srinivasa Rao]
موسیقی: ایل۔ ویدیانتھن
سنیماٹوگرافی: بی۔سی۔ گوری شنکر
مرکزی اداکار: کمل ہاسن، سمیر کھکر، ٹینو آنند، آملا
فلم کی ریٹنگ: 8.6 IMDB

نوٹ: اصل فلم کنڑ [Kannada] زبان میں ریلیز ہوئی، اور ساتھ ہی مختلف ناموں کے ساتھ ہندی، تمل، تلگو اور ملیالم زبانوں میں بھی ریلیز کی گئی تھی۔

سننے میں آتا ہے کہ:
"زندگی گزارنے کے لئے صرف پیار ہی نہیں کافی ہوتا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انسان کو باقی چیزوں کی بھی اتنی ہی ضرورت ہوتی ہے جتنی پیار کی"۔
سننے/پڑھنے میں یہ بات کافی درست اور حقیقت سے قریب معلوم ہوتی ہے اور دیکھیں تو دنیا چلتی بھی انہیں چیزوں پر ہی ہے۔


کئی دفعہ انسان کے پاس سب کچھ ہوتا ہے مگر اس کے باوجود "دل کا سکون، کسی کا ساتھ، پیار اور اپناپن" نہیں ہوتا جس کی اسے سب سے زیادہ ضرورت ہے اور یوں وہ اکیلے پن اور تنہائی کی ایسی دلدل میں پھنس جاتا ہے جو اس کے خاتمے یا اس کی پریشانیوں میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔
جھوٹ اور دھوکے کے سہارے چلنے والی زندگی/دنیا زیادہ دیر تک نہیں چلتی، ایک نہ ایک دن حقیقت سب کو پتہ چل ہی جاتی ہے۔ یہ آپ پر ہے کہ آپ کب اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں اور اپنے آپ کو صحیح راہ پر لے کر آتے ہیں اور یہ بھی ضروری نہیں کہ جو آپ کر رہے ہیں اس کا انجام ویسا ہی ہو جیسا آپ چاہتے ہیں۔


ان تمام باتوں کو ڈائریکٹر سنگیتم راؤ نے نہایت ہی عمدہ طریقے سے اپنی اس خاموش شاہکار میں فلمایا ہے۔ فلم جہاں ان چیزوں کا احاطہ کرتی ہے وہیں پر اس وقت کے بھارت کے بنیادی مسائل کو بھی چھیڑتی نظر آتی ہے جن میں بیروزگاری، قانون کی عدم پاسداری، غربت اور بھیک مانگنا نمایاں ہیں۔


فلم چار لوگوں (کمل ہاسن، آملا، سمیر کھکر اور ٹینو آنند) کے گرد گھومتی ہے۔ کمل ہاسن ایک ایسے غریب بیروزگار نوجوان جو کہ نوکری کی تلاش میں ہوتا ہے، کا کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ آملا ایک مشہور اور امیر جادوگر کی بیٹی کے روپ میں دکھائی دیتی ہیں۔ سمیر کھکر ایک امیر بزنس مین اور ٹینو انند ایک کرائے کے قاتل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
فلم کے چاروں مرکزی کردار ناموافق حالات میں ایک دوسرے کا سامنا کرتے ہیں، جس میں کمل ہاسن کا آملا کے پیار میں گرفتار ہونا اور اس کے لئے ایک جھوٹی زندگی کو گلے لگانا اور سمیر کھکر کا اپنے اکیلے پن اور بیوی کی بے وفائی کو ایک روگ کی صورت میں اپنے ساتھ لگائے رکھنا اور ٹینو آنند کا کمل ہاسن کو کوئی دوسری شخصیت سمجھ کر اسے مارنے کی کوشش کرنا۔
جہاں فلم ان چاروں کی زندگیوں کا احاطہ کرتی ہے اور وہیں ان چاروں کے ساتھ جڑے ہوئے لوگ جن کی وجہ سے ان لوگوں کی زندگیوں میں ناموافق حالات پیدا ہوتے ہیں، ان لوگوں کو بھی ایک خوبصورت اور معنی خیز انداز میں بیان کرتی ہے۔


فلم اپنے کرداروں کو ایک طنزیہ مزاح کے روپ میں پیش کرتی ہے جوکہ معاشرے اور اس کے لوگوں کی ترجمانی بھی کرتے ہیں اور ان پر تنقید بھی، اداکار "پی ایل نارائن" نے فلم میں ایک فقیر کا مختصر کردار ادا کیا ہے جس کا دردناک انجام دیکھ کر مرکزی کردار (کمل ہاسن) کی سوچ میں تبدیلی آتی ہے اور وہ اپنی جھوٹ اور دھوکے پر مبنی زندگی کو ترک کرتا ہے مگر اس عمل کا اس کے ساتھ ساتھ باقیوں پر کیا اثر ہوتا ہے اور یہ چیز فلم کے اختتام پر کیسے اثرانداز ہوتی ہے یہ فلم دیکھنے پر معلوم ہوگا۔


فلم کے دیگر پہلوؤں میں قابلِ ذکر اس کا بیک گراؤنڈ میوزک ہے جوکہ ایک بینچ مارک کی حیثیت رکھتا ہے۔ چونکہ یہ ایک ڈائیلاگس سے عاری فلم ہے اس لیے اس فلم میں کوئی گیت شامل نہیں ہے بیک گراؤنڈ میوزک کو مختلف جگہوں پر مختلف انداز سے گیتوں کی جگہ استعمال کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر سنگیتم اپنے اسی طرح کے تجرباتی اور نئے انداز کے لئے جانے جاتے ہیں جیسا کہ اس فلم سے ظاہر ہے۔
جہاں تک ایوارڈز کی بات ہے تو یہ فلم بہترین کنڑا فلم، بہترین کنڑا ڈائریکٹر اور بہترین کنڑا اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس کے علاوہ فلم بہترین انٹرٹینمنٹ کا نیشنل ایوارڈ اور بہترین ایڈیٹر، بہترین میوزک اور سپیشل جیوری کا کرناٹکا سٹیٹ فلم ایوارڈ جیتنے میں بھی کامیاب رہی۔


Pushpaka Vimana (1987 film), Movie review

No comments:

Post a Comment