تم بن (2001) - فلم جائزہ - Musafir | Bollywood Entertainment | Best Songs & Articles Urdu Script

2020/02/09

تم بن (2001) - فلم جائزہ

tum-bin-2001

فلم تبصرہ از: سانول راجپوت

فلم کا نام: تم بن - Tum Bin
تاریخ ریلیز: 13/جولائی 2001
فلم کی نوعیت: ڈرامہ، رومانس
ڈائریکٹر: انوبھؤ سنہا [Anubhav Sinha]
مرکزی اداکار: پریانشو چٹرجی، صندلی سنہا، ہمانشو ملک، راقیش باپت، امرتا پرکاش
فلم کی ریٹنگ: 7.5 IMDB

جگجیت سنگھ کی غزل "کوئی فریاد" سن کر ہزاروں یادیں لیے یہ فلم آج یاد آ گئی۔ خوبصورت صندلی سنہا کا فلم میں پہلا سین اور فریاد لیے وہ آنسو جنہیں جگجیت سنگھ کی آواز ایک الگ ہی لیول پر لے گئی تھی۔
فلم کی کہانی کا محور ایک لڑکی "پیا" ہے جس کی زندگی شدید مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہے۔ شادی سے چند دن پہلے منگیتر کی ایک حادثے میں موت اور پھر کاروبار میں مسلسل نقصان۔ ناامیدی سے بھری پیا کی زندگی میں اسی دوران ایک اور لڑکے شیکھر کی آمد ہوتی ہے جو پیا کو بتاتا ہے کہ وہ اس کے منگیتر کا دوست ہے اور کاروبار میں اس کی مدد کرنے آیا ہے۔
'تم بن' کی کہانی نہایت مہارت اور خوبصورتی سے بُنی گئی ہے جہاں پیار اور قسمت کا کھیل خوب رنگ جماتا ہے۔ جہاں ماضی اور حال مستقبل کو دھندلا دیتے ہیں۔ جہاں سخت فیصلوں کا چناؤ روح چھلنی کرتا ہے۔ جہاں محبت سے خود ہی دامن بچایا جاتا ہے اور کچھ جھوٹے سچے اعترافات جن سے ہمیشہ دل ٹوٹتے ہیں۔

'تم بن' کنیڈا کی خوبصورت لوکیشنز میں فلمائی گئی فلم ہے۔ خاص طور پر جو بھی مناظر برفیلی جگہوں پر فلمائے گئے نہایت کمال کے ہیں۔ فلم کے سبھی لیڈنگ کردار ادا کرنے والے اداکار نئے تھے اور تمام نے اپنے اپنے کرداروں کو خوب نبھایا۔ بدقسمتی سے سبھی کے حصے میں بس یہی ایک یادگار پرفارمنس ہی آئی اور اس فلم کے بعد کوئی بھی اداکار کوئی بڑی فلم نہیں دے سکا۔

فلم کی موسیقی کے کیا کہنے۔ جگجیت سنگھ کی غزل " کوئی فریاد" کا ایک ایک شعر فلم کی بدلتی سچویشن کے حساب سے ڈالا گیا تھا۔ چھوٹی چھوٹی راتیں، تم بن جیا جائے کیسے یہ تمام گانے کانوں کو نہایت بھلے محسوس ہوتے ہیں۔

دو ہزار سولہ میں "تم بن: 2" بنائی گئی جس کا فارمیٹ ہوبہو "تم بن ون" جیسا تھا اور جس کی پیشن گائی بآسانی کی جا سکتی تھی۔ ویسے اس فلم کا اختتام کچھ سمجھ نہیں آیا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ اس فلم میں بھی جگجیت صاحب کی آواز کو شامل کیا گیا اور کوئی فریاد کو تیری فریاد بنا کر ریکھا بھردواج سے بھی گوایا گیا جسے نہ اچھا کہا جا سکتا ہے نہ اتنا برا۔ یہ تجربہ بس ٹھیک ٹھاک ہی تھا۔ دونوں فلموں کا اگر موازنہ کیا جائے تو "تم بن ون" اپنی کہانی، موسیقی اور اداکاری کے سبب "تم بن ٹو" سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔

"تم بن" فلم کے نغمے:
  • چھوٹی چھوٹی راتیں
  • دارو وچ پیار
  • دیکھتے ہی دیکھتے
  • کوئی فریاد
  • میری دنیا میں
  • پیار ہم کو ہونے لگا
  • سرو رو
  • تمہارے سوا
  • تم بن
  • ژوم بمبورا
  • تیرا نام لینے کی

Tum Bin (2001), Movie review

No comments:

Post a Comment