فلم کا نام: آنسٹ تھیف (ایماندار چور) - Honest Thief
تاریخ ریلیز: اکتوبر 2020
فلم کی نوعیت: ایکشن تھرلر / کرائم / ڈرامہ
ڈائریکٹر: مارک ولیمز [Mark Williams]
مرکزی اداکار: لیام نیسن، کیٹ والش، جے کورٹنی، انتھونی راموس، جیفری ڈنوون، رابرٹ پیٹرک
فلم کی ریٹنگ: 6.0 IMDB
لیام نیسن : ایک ایماندار چور
ہالی ووڈ کے تقریباً ستر سالہ اس نامور آئرش اداکار کی شہرت ہرچند کہ اسٹیفن اسپیل برگ کی 1993 والی کلاسک مووی "شنڈلرس لسٹ" [Schindler's List] سے قائم ہوئی ہے، مگر بیشتر فلم بینوں کی طرح راقم بھی لیام اور اس کی موثر اداکارانہ صلاحیتوں سے اس کی "ٹےکن" سیریز کے ذریعے واقف ہوا ہے، یعنی:
Taken-2 (2012)
Taken-3 (2014)
اور اب ان دنوں ہالی ووڈ کے منظرنامے پر "ایماندار چور" (ریلیز: اکتوبر-2020) کا شہرہ ہوا تو دیکھنے کی تمنا ہوئی اور عجیب بات کہ بآسانی ٹورنٹ سے حاصل بھی ہو گئی۔
لیام کی یہ تازہ فلم بھی سسپنس فل ایکشن تھرلر ہے مگر سابقہ فلموں کہ بہ نسبت اس میں ایکشن کم اور جذباتی منظرنگاری زیادہ ہے۔۔۔ خاص طور پر فلم کا وہ منظر جہاں لیام اپنی محبوبہ کو اپنی زندگی کا ماضی اور بنک ڈکیتیوں کا پس منظر بتاتا ہے۔
فلم کا بنیادی موضوع اتنا خاص تو نہیں مگر ٹام ڈولن (لیام نیسن) اور اس کی محبوبہ اینی ولکنس (کیٹ والش) اور تینوں ایف۔بی۔آئی ایجنٹس (نیونس، ہال اور مئیرس) کی چست کردار نگاری کے سبب یہ فلم ایک بار یقیناً دیکھی جا سکتی ہے۔
ایک اچکا بھی کبھی اپنے ضمیر کی آواز پر اچھائی کی طرف لوٹ سکتا ہے اور قانون کے نفاذ پر کاربند کسی ادارہ کا کوئی قابل افسر بھی لالچ اور ہوس کے زیراثر برائی کی راہ پر جا سکتا ہے۔۔۔ مگر جیت بالآخر اچھائی کی ہی ہوگی۔۔۔
یہ اس فلم کا مرکزی خیال ہے۔
فلم میں لیام کا کردار ایک ایسے ادھیڑ عمر لٹیرے کا ہے جس کی بنک ڈکیتیوں کی چابکدستی اور نفاست کے سبب ایف۔بی۔آئی نے اسے "اِن اینڈ آؤٹ بینڈٹ" (رفوچکر لٹیرا) کا خطاب دے رکھا ہے۔
امریکہ کی سات ریاستوں کے 12 بنکوں کی ڈکیتی سے تقریباً 9 ملین ڈالر لوٹ کر اور اپنا کوئی سراغ چھوڑے بغیر فرار ہونے والا لٹیرا جب سائیکالوجی کی ایک ریسرچ اسکالر اینی ولکنس کی زلف گرہ گیر کا اسیر ہوتا ہے، یعنی کہ ۔۔۔
جب سے اسیر زلف گرہ گیر ہو گیا
میں بے نیاز حلقۂ زنجیر ہو گیا
جاتا کہاں بھلا تری محفل کو چھوڑ کر
میں اپنے آپ پاؤں کی زنجیر ہو گیا
اور یوں بچارے ہیرو کو اپنی عمر کے اس آخری حصہ میں احساس ہوتا ہے کہ:
دعوتِ عشق دے رہی ہے فضا
آج ہو جا کسی حسیں پہ فدا
محبت بڑے کام کی چیز ہے
محبت کے دم سے ہے دنیا کی رونق
محبت نہ ہوتی تو کچھ بھی نہ ہوتی
نظر اور دل کی پناہوں کی خاطر
یہ جنت نہ ہوتی تو کچھ بھی نہ ہوتا
یہی ایک آرام کی چیز ہے
محبت بڑے کام کی چیز ہے
لہذا ہمارا ہیرو، ہیروئین سے ایک سالہ ڈیٹنگ کے بعد محبت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جرائم کی دنیا سے تائب ہونے کا فیصلہ کر لیتا ہے اور ایف۔بی۔آئی سے درخواست کرتا ہے کہ وہ لوٹی گئی تمام رقم کے ساتھ رضاکارانہ گرفتاری دینے کے لیے تیار ہے، اس شرط کیساتھ کہ کم سے کم عرصے کی جیل کی سزا ہو۔
مگر جیسا کہ دنیا کا رواج ہے، ہر محکمے میں کچھ ایسی کالی بھیڑیں ہوتی ہیں جن کا نقطۂ نظر انصاف اور امن کے قیام سے زیادہ اپنے مادی مفادات کو ترجیح دینا ہوتا ہے۔ لہذا سیاہ دل ایف۔بی۔آئی ایجنٹ نیونس نہ صرف لوٹ کی رقم پر قبضہ کرتا ہے بلکہ عین موقع پر پکڑے جانے کے نتیجے میں اپنے سربراہ کو گولی مار کر ہلاک کرتا ہے اور لیام کی محبوبہ کو بھی سنگین طرح سے زخمی کرتے ہوئے اسے موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا کر دیتا ہے۔
ظاہر ہے اب یہاں سے ہمارے ہیرو کا فرض بن جاتا ہے کہ وہ اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کے بل پر اصل مجرم کو کیفرکردار تک پہنچائے اور خود اپنے دامن پر لگے داغوں کو صاف کرے۔
مگر کیسے؟
اب اس دلچسپ، سنسنی خیز اور سسپنس فل روداد کو جاننے کے لیے فلم دیکھنا لازمی ہے۔
ہیپی سنڈے واچ!
No comments:
Post a Comment