جاں نثار حسین رضوی (المعروف جاں نثار اختر) مضطر خیرآبادی کی اکلوتی اولاد تھے۔ محمد افتخار حسین (المعروف مضطر خیرآبادی) اردو شعر و ادب کے معتبر شاعر تھے جو ایک اور بلند پایہ عالم اور شاعر سید احمد حسین رسوا کے فرزند تھے۔ سید احمد حسین رسوا کی شادی علامہ فضل حق خیرآبادی کی دختر سعیدۃ النساء سے ہوئی تھی۔
جاں نثار اختر کی پیدائش 8/فروری 1914 کو گوالیار میں ہوئی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے انہوں نے بی۔اے (آنرز) اور ایم۔اے کی اعلیٰ اسناد حاصل کیں۔ ایم۔اے میں انہوں نے اردو ادب میں امتیازی سند حاصل کی تھی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں وہ ذہین طالب علم مانے جاتے تھے، چونکہ شعر و ادب ان کے خمیر میں شامل تھا لہذا یہیں سے ان کی شاعری کا آغاز ہوا اور انہوں نے اپنا تخلص "اختر" رکھ لیا۔ اور یہ تخلص ان کے نام کے ساتھ اس طرح چسپاں ہوا کہ بنا پورا نام لیے محض 'اختر' سے ان کی شعری شناخت کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا تھا۔
ممبئی کی فلمی صنعت نے ہا اس فرد کا خیرمقدم کیا ہے جو اس کی فلموں کی تشکیل، تخلیق اور تکمیل کے کسی بھی شعبہ میں اپنے فن کارانہ مہارت سے معاون ثابت ہو۔ جاں نثار اختر چونکہ شاعر تھے ، یہی حربہ فلموں میں ان کی کامیابی کا ضامن ثابت ہوا۔
معاشی جدوجہد کے ابتدائی دور میں جاں نثار اختر معروف افسانہ نگار عصمت چغتائی کے فلمساز اور ہدایتکار شوہر شاہد لطیف کے فلیٹ میں زندگی کی آزمائشوں سے نبرد آزما تھے۔ شاہد لطیف نے ہی سب سے پہلے انہیں اپنی فلم "شکایت" میں بطور فلمی نغمہ نگار متعارف کروایا جسے فلمی زبان میں "بریک" دیا جانا کہا جاتا ہے۔
فلم "شکایت" 1948 میں پردۂ سیمیں کی زینت بنی تھی۔ ہدایت کار شاہد لطیف تھے۔ سنہ پربھا پردھان، شیام، حمید بٹ، راج مہرہ اور نگار سلطانہ فلم کے اہم اداکار تھے۔ رشید عطرے کی موسیقی میں نخشب اور جاں نثار اختر نے گیت لکھے تھے۔
جاں نثار اختر نے 1948 سے 1976 تک تقریباً 77 فلموں میں 300 سے زائد گانے لکھے۔ 1976 میں ان کا انتقال ہو گیا تھا لیکن ان کے لکھے گیتوں کی کچھ فلمیں ان کے انتقال کے کئی سال بعد تک ریلیز ہوتی رہیں جن میں "رضیہ سلطان" بھی شامل تھی جو ان کے انتقال کے تقریباً سات سال بعد ریلیز ہوئی تھی۔
جاں نثار اختر کے تحریر کردہ گانوں کی ایک منتخب فہرست ذیل میں پیش ہے۔
نمبر شمار | نغمہ | فلم | سن اجرا | موسیقار | گلوگار |
1 | میری بنو کی عمر دراز ہو | شکایت | 1948 | رشیید عطرے | . |
2 | چپکے سے یہ کیا ان کی نگاہوں نے کہا ہے | شکایت | . | . | . |
3 | اپنی محفل میں پھر ایک بار چلا آنے دے | کھیل | 1950 | سجاد حسین | . |
4 | آ جانِ وفا آ ، کہتے ہیں جسے عشق زمانے کو دکھا دے | انار گلی | 1953 | بسنت پرکاش | گیتا دت |
5 | اب دن ڈوب گیو راجہ پہاڑن میں | دھوپ چھاؤں | 1954 | عزیز ہندی | شمشاد بیگم |
6 | پیاسا پیاسا میرا جیا پکارے ، ہم بھی چلیں گے سیاں سنگ تمہارے | باپ رے باپ | 1955 | او۔پی۔نیر / سی رامچندر | آشا بھونسلے / کشور کمار |
7 | تو نہ آئے گھٹا غم کی چھانے لگی ، روٹھ کر چاندنی رات جانے لگی | باپ رے باپ | . | . | آشا بھونسلے |
8 | اے جذبۂ عشق تیرا تب اعتبار آئے ، وہ آئے اور مجھ تک بےاختیار آئے | حسینہ | 1955 | بلوسی رانی | طلعت محمود |
9 | تیری محفل سے اٹھ کر تیرے دیوانے کہاں جائیں | حسینہ | . | . | آشا بھونسلے |
10 | غریب جان کے ہم کو نہ تم بھلا دینا ، تم ہی نے درد دیا ہے تم ہی دوا دینا | چھومنتر | 1956 | او پی نیر | محمد رفیع |
11 | غم نہ کر مسکرا ، جینے کا لے لے مزہ ، نادان یہ زندگی پھر کہاں | چھومنتر | . | . | گیتادت / رفیع |
12 | چاند نشیلی رنگ رنگیلی مست ہوا ، جا میرے چندا ان کو کہیں سے ڈھونڈ کے لا | چھومنتر | . | . | گیتا دت |
13 | اپنا تو زمانے میں اتنا ہی فسانہ ہے ، کچھ ہم بھی دیوانے تھے کچھ دل بھی دوانہ ہے | نیا انداز | 1956 | او پی نیر | کشور کمار |
14 | میری نیندوں میں تم میرے خوابوں میں تم ، ہو گئے ہم تمہاری محبت میں گم | نیا انداز | . | . | شمشاد بیگم / کشور کمار |
15 | ہوا پچھلے پہر جب دور شہنائی بجاتی ہے | نیا انداز | . | . | کشور کمار |
16 | کچھ تو ایسی بات کر ظالم ، دل بہل جائے میرا بالم | قیدی | 1957 | او پی نیر | آشا بھونسلے |
17 | یوں مسکرا کے سامنے آیا نہ کیجیے ، دل لے کے میرے دل کا جلایا نہ کیجیے | قیدی | . | . | آشا / رفیع |
18 | من مورا باؤرا نس دن گائے گیت ملن کے | راگنی | 1958 | او پی نیر | محمد رفیع |
19 | بےکسی حد سے جب گزر جائے ، کوئی اے دل جئے کہ مر جائے | کلپنا | 1960 | او پی نیر | آشا بھونسلے |
20 | مازندراں مازندراں میرے وطن میرے جہاں | رستم سہراب | 1961 | سجاد حسین | طلعت محمود |
21 | اے دلربا نظریں ملا کچھ تو ملے غم کا صلہ | رستم سہراب | . | . | لتا منگیشکر |
22 | نظرنواز نظاروں میں کھو گیا ہوں میں | سوشیلا | 1966 | سی راجن | مہندر کپور |
23 | غم کی اندھیری رات میں دل کو نہ بےقرار کر | سوشیلا | . | . | رفیع / طلعت |
24 | بےمروت بےوفا بیگانۂ دل آپ ہیں ، آپ مانیں یا نہ مانیں میرے قاتل آپ ہیں | سوشیلا | . | . | مبارک بیگم |
25 | یہ دل اور ان کی نگاہوں کے سائے ،مجھے گھیر لیتے ہیں بانہوں کے سائے | پریم پربت | 1973 | جے دیو | لتا منگیشکر |
26 | دھرتی ہنستی رے چھلکے مستی رے | آئینہ | 1974 | نوشاد | . |
27 | تم مہکتی جواں چاندنی ہو ، چلتی پھرتی کوئی روشنی ہو | پیاسے دل | 1974 | خیام | مکیش |
28 | یہ دلنشیں نظارے کرتے ہیں کیا اشارے | پیاسے دل | . | . | مکیش |
29 | پانچ روپیہ ارے پانچ روپیہ دے دے بلموا میلہ دیکھن جاؤں گی | آندولن | 1975 | جے دیو | کرشنا کلے / مینوپرشوتم |
30 | کب تیرے حسن سے انکار کیا ہے میں نے ، زندگی تجھ سے بہت پیار کیا ہے میں نے | سندھیا | 1975 | خیام | مہندر کپور |
31 | یہ دل والے جو دل دے کر صلہ چاہیں ، یہ آنکھوں کی ہنسی میں غم کے پہلو کس نے دیکھے ہیں | سندھیا | . | . | سلکشنا پنڈت |
32 | نتھیانے ہائے رام بڑا دکھ دینا ، جب میں ہو گئی چودہ برس کی | سجورانی | 1976 | سپن جگموہن | شوبھا گرٹو |
33 | نگاہِ شوق سے رحمت کا جام دے ساقی | آخری سجدہ | 1977 | سجاد حسین | محمد رفیع |
34 | نظر ملاؤ پتا چلے گا کہ حسن کیا ہے شباب کیا ہے | آخری سجدہ | . | . | اوشا منگیشکر |
35 | آپ یوں فاصلوں سے گزرتے رہے ، دل سے قدموں کی آواز آتی رہی | شنکر حسین | 1977 | خیام | لتا منگیشکر |
36 | غم کی اندھیری رات میں دل کو نہ بیقرار کر ، صبح ضرور آئے گی صبح کا انتظار کر | صبح ضرور آئے گی | 1977 | سی راجن | طلعت / رفیع |
بشکریہ: ادب سے فلم تک (از: رشید انجم)
No comments:
Post a Comment