فلم تبصرہ از: مکرم نیاز
سال 2022ء کی بہترین فیملی فلم، 40 سال سے زائد عمر کے فلم بینوں کے لیے، لاجواب اور فکرانگیز۔
لیکن، نوجوان فلم بینوں کی دلچسپی کے بنیادی و عصری عناصر کی کمی، خراب باکس آفس کلیکشن کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
***
ٹاپ ٹین قابلِ داد نکات
- امیتابھ بچن کی رواں برس کی فلموں (جھنڈ، برہمسترا ، گڈ بائی) میں سرفہرست، بِگ بی کی جذباتی و مزاحیہ اداکاری کا شاندار امتزاج۔
- ڈینی ڈینزونگپا (1990ء کی تہلکہ خیز فلم 'اگنی پتھ' کا کنچا چینا) و نفیسہ علی (غدر 1857ء کے موضوع پر ششی کپور کی یادگار کلٹ فلم 'جنون' 1979ء کی مرکزی اداکارہ) کا شاندار کامیو رول اور گذشتہ دور کی اپنے طرز کی مقبول اداکارہ ساریکا (مسز کمل ہاسن) کا جاندار کردار۔
- ایک سنکی بوڑھے کے رول میں انوپم کھیر کی لاجواب کردار نگاری۔
- لازول دوستی کے ہمہ گیر موضوع سے چاروں دوستوں کا دلآویز انصاف: ڈینی (بھوپین) ، امیتابھ بچن (امیت شری واستو) ، انوپم کھیر (اوم شرما) اور بومن ایرانی (جاوید صدیقی)۔
- زن و شوہر کے رشتے میں فریقین کی آزادی و پرائیویسی کی اہمیت کی عمدہ ترجمانی۔ جاوید صدیقی (بومن ایرانی) اور شبینہ صدیقی (نینا گپتا) کی دلچسپ و یادگار اداکاری۔
- جنریشن گیپ، نئی نسل اور پرانی نسل کے خیالات، نظریات، جذبات و احساسات کے ٹکراؤ کا حساس بیانیہ۔ پرنیتی چوپڑہ کی طرف سے نوجوان نسل کے خیالات و نظریات کی عکاسی کا منفرد مظاہرہ۔ بزرگ والدین کی توقعات اور شادی شدہ اولاد کی الگ الگ ترجیحات کے پیمانوں کا تصادم۔
- سماج کے معروف و مقبول قلمکار/مصنف (امیت شری واستو) کی غیرفطری عملی زندگی اور اس کی انسپائریشنل و موٹیویشنل تحریروں کا مبالغہ آمیز جھوٹ۔
- ہمالیہ کے ایوریسٹ بیس کیمپ تک پہاڑی مہم (ٹریکنگ)، فلم کے دوسرے نصف حصے کی خصوصیت۔ دہلی، آگرہ، کانپور، گورکھپور اور کٹھمنڈو (نیپال)، لُکلا (نیپال) شہروں کے مزاج و ثقافت کی ماہرانہ و دیدہ زیب پیشکش۔
- رومانی پہلو، ڈینی کی قربانی اور ساریکا کا تاعمر کا پچھتاوا۔
- راجشری پروڈکشنز / برجاتیہ فلموں (میں نے پیار کیا، ہم آپ کے ہیں کون، ہم ساتھ ساتھ ہیں، پریم رتن دھن پائیو) کی مخصوص خاندانی تام جھام کے برعکس برصغیری معاشرہ کے مختلف النوع رشتوں کے نازک و حساس پہلوؤں کا بین السطور تذکرہ۔ فلم کا ٹائٹل، ہندی رسم الخط کے متوازی کشیدہ نستعلیق میں اردو عنوان کی خوبصورت خطاطی۔
No comments:
Post a Comment