جگدیپ - سورما بھوپالی کا یادگار کردار چل بسا - Musafir | Bollywood Entertainment | Best Songs & Articles Urdu Script

2020/07/09

جگدیپ - سورما بھوپالی کا یادگار کردار چل بسا

jagdeep

جگدیب (اصل نام: سید اشتیاق احمد جعفری) (پیدائش: 29/مارچ 1939، دتیہ- مدھیہ پردیش)
بدھ 8/جولائی کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے ممبئی میں اپنی باندرہ کی قیام گاہ پر انتقال کر گئے۔ پیرانہ سالی کے سبب کافی عرصہ سے ان کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی۔ ان کی اولاد میں اداکار جاوید جعفری اور فلمساز نوید جعفری شامل ہیں۔
بالی ووڈ فلمی صنعت کے سینئر اداکار اور معروف کامیڈین جگدیپ نے تقریباً 400 فلموں میں کام کیا ہے لیکن ان کی شہرت فلم "شعلے" کے کردار "سورما بھوپالی" کے سبب ہوئی۔ سورما بھوپالی کا مقبول عام کردار آج بھی سنیما بینوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

ڈاکٹر شاہد اختر اپنے ایک مضمون "ہندی فلموں کے ناقابل فراموش مزاحیہ اداکار" (اشاعت: کتاب 'ہندوستانی فلم کا آغاز و ارتقا - جلد دوم'، مولف: ڈاکٹر الف انصاری) میں لکھتے ہیں:
جگدیپ کو موجودہ نسل کے فلم بین خاص طور پر فلم شعلے، چائنا گیٹ اور عامر خان سلمان خان کی فلم 'انداز اپنا اپنا' وغیرہ سے جانتے ہیں لیکن جگدیپ نے سب سے پہلے رادھاکانت کی ہدایت میں بنی فلم "راجہ" (1963) میں مسخرہ شہزادے کا رول کیا تھا، فلم کی ہیروئین وجے چودھری تھی۔ جگدیپ نے کھلونا، لاوارث، قربانی، وارث، جینے کی راہ، فرض سمیت تقریباً 400 فلموں میں اداکاری کی۔
جگدیپ فلم میں آنے سے پہلے چوپاٹی میں لوگوں کی تیل مالش کر کے زندگی گزارتے تھے۔ انہیں مزاحیہ اداکار محمود نے رادھاکانت سے متعارف کرایا اور انہیں فلم میں کام کرنے میں مدد دی تھی۔ جگدیپ اپنے محسن کو کبھی نہیں بھولے اور انہوں نے کئی جگہ اس کا اعتراف بھی کیا کہ کامیڈی کنگ محمود کی فلمیں دیکھ دیکھ کر انہوں نے مزاحیہ اداکاری سیکھی۔
فلم من مندر، انوکھا بندھن، سانجھ اور سویرا، پتی پتنی اور دیکھ کبیرا رویا میں بھی جگدیپ کو اہم رول ملے۔ فلم "جینے کی راہ" (1969) میں ان کی اداکاری عروج پر تھی۔ فلم "ہمجولی" (1970) میں پہلی مرتبہ جگدیپ کو محمود کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تھا، جس میں محمود کا ٹرپل رول تھا۔ فلم "بھابھی" (1957) میں جگدیپ پر ایک گانا "چلی چلی رے پتنگ میری چلی رے" فلمایا گیا تھا۔
مگر بالی ووڈ کی فلمی تاریخ میں فلم "شعلے" ہی وہ یادگار اور لازوال فلم رہی جس میں سورما بھوپالی کے کردار کو جگدیپ نے چار چاند لگا دئیے تھے۔

جگدیپ کے دس مشہور مکالمے ذیل میں پیش ہیں:
1: شعلے (1975) - کردار: سورما بھوپالی
ہمارا نام سورما بھوپالی ایسے ہی نہیں ہے۔

2: کرودھ (1990) - کردار: مست رام
تم لوگ اتنا سا تھے، تالاب میں ننگے نہاتے تھے، ہم پکڑ کر باہر نکالتے تھے، اب تو تم پورے جیمس بانڈ ہو گئے۔۔ سانڈ کے سانڈ ہو گئے۔

3: شعلے (1975) - کردار: سورما بھوپالی
پیسے ۔۔۔؟ ایسے کیسے پیسے مانگ رہے ہو؟

4: ودھاتا (1982) - کردار: پیٹر جان ڈی کوسٹا
ہم لڑتا نہیں، لڑواتا ہے۔۔ ہم کرتا نہیں، کرواتا ہے۔۔ ہم مرتا نہیں، مرواتا ہے۔

5: ایک ناری ایک برہمچاری (1971) - کردار: جگل کشور
ناری گیان مہاگیان ہے۔۔ اس کے بنا سارے گیان ادھورے رہ جاتے ہیں۔۔ اس لیے ہر مرد کو چاہیے کہ اس گیان کو پورا پورا ادھیان (مطالعہ) کرے۔

6: جال (1986) - کردار: خطرناک خان
دودھ پانی کا یہ ملن، گنگا جمنا سنگم ۔۔ اگر الہ آباد کے بعد ملے گا تو یہیں ملے گا۔

7: پولیس والا غنڈہ (1995) - کردار: ماموں
محنت سے ملے دولت تو اللہ کی رحمت ہے۔۔ ملے حرام کی تو شیطان کی لعنت ہے۔۔ پیٹھ پر مار کر اپنوں کے خنجر، جو ملے دولت ۔۔۔ ارے وہ لعنت ہے، وہ لعنت ہے، وہ لعنت ہے۔

8: کرودھ (1990) - کردار: مست رام
گاؤں میں ہفتے میں لوگ بازار لینے آتے ہیں۔۔ یہاں بازار میں ہفتہ لینے آتے ہیں۔

9: ڈائیورس (1984) - کردار: چکرم
دلہن وہی جو پیا من بھائے۔۔ اور جہیز لے کر آئے۔

10: جال (1986) - کردار: خطرناک خان
ٹنکی میں نہیں تیل ۔۔ تو بڑے سے بڑا انجینئر فیل۔

No comments:

Post a Comment